Thursday, 17 April 2014

Pakistan Cricket Board decided to advertise for the position of Coach.

PCB has decided publish official advertisement for recruitment of coaches for Pakistan Cricket Team.  The management also appointed Former Deputy Advocate General Ahmad Shehzad Farooq as election commissioner for election.

پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی نے کوچز کی تقرری کے لیے اشتہار دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سابق ڈپٹی اٹارنی جنرل ایڈوکیٹ احمد شہزاد فاروق رانا کو ایک بار پھر پی سی بی کا الیکشن کمشنر مقرر کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کا چوتھا اجلاس گزشتہ روز چیئرمین نجم سیٹھی کی صدارت میں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوا جس میں شہریار خان، نوید اکرم چیمہ، یوسف نسیم کھوکھر، شکیل شیخ، ظہیر عباس، اقبال قاسم، سی او او سبحان احمد، چیف فنانس آفیسر بدر منظور خان، مینجمنٹ کمیٹی کے سیکریٹری سلمان نصیر اور بورڈ کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے شرکت کی۔ اجلاس میں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے دبئی میں ہونے والی آئی سی سی میٹنگ میں بگ تھری ایشو کے حوالے سے بریفنگ دینے کے علاوہ ارکان کو پی سی بی کی گئی کاوشوں کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ اس موقع پر نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کی میٹنگ ہر حوالے سے کامیاب رہی جس میں ہم اپنا موقف منوانے میں کامیاب رہے، ہماری ٹھوس حکمت عملی کی وجہ سے پی سی بی کو آئندہ 8 برس میں نہ صرف 30 ارب روپے کی آمدن میسر آئے گی بلکہ اس دوران بھارت سمیت دنیا کے تمام ٹیسٹ کھیلنے والے مالک کے ساتھ ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر سیریز طے کر لی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق نجم سیٹھی کا ارکان کو کہنا تھا اس سے بڑی کامیابی پاکستان کرکٹ بورڈ کی اور کیا ہو سکتی ہے کہ 2015 سے بھارت آئی سی سی کاچیئرمین اور پاکستان اس کا صدر نامزد ہو گا، کرکٹ کی عالمی تنظیم میں 2 اعلیٰ عہدوں کی موجودگی کی بدولت پاکستان بالخصوص ایشیائی خطے میں کرکٹ کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ اجلاس میں شرکا کو ایشین کرکٹ کونسل کی ڈیولپمنٹ کمیٹی میں ہونے والے اہم فیصلوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ شرکاکو ورلڈ ٹوئنٹی20 میں ٹیم مینجمنٹ سے حاصل ہونے والی معلومات پر بھی اعتماد میں لیاگیا، جس کے بعد ارکان نے مستقبل کے لیے لائحہ عمل کے بارے میں سیر حاصل گفتگو کی اور فیصلہ کیا کہ کوچز کی خالی ہو نے والی پوسٹوں کے بارے اشتہار دیا جائے تاکہ موزوں امیدوار سامنے آ سکیں۔
یاد رہے کہ پی سی بی ماضی میں بھی اشتہار دیکرکوچز کی تقرری کی پریکٹس کر چکا ہے، اس بار بھی چیف کوچ سمیت ٹیم منیجمنٹ میں خالی عہدوں کے لیے ملکی اور غیر ملکی سطح پردرخواستیں طلب کی جائیں گی، ابتدائی سطح پر درخواستوں کی اسکروٹنی کے بعد کامیاب امیدواروں کو انٹرویو کیلیے بلایا جائیگا۔ نئی تقرریوں کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ معین خان ایک بار پھر چیف سلیکٹر بننے کیلیے فیورٹ ہیں جبکہ فیلڈنگ کوچ کے لیے جنوبی افریقہ کے سابق کھلاڑی جونٹی رہوڈز کی خدمات لیے جانے کا قوی امکان ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے جونٹی رہوڈز سے رابطہ کیا ہے اگر انھوں نے اس عہدہ میں دلچسپی ظاہر کی تو انٹرویو کے دوران جنوبی افریقہ کے کھلاڑی کو دوسرے امیدواروں پر ترجیح دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق ارکان کو بتایا گیا کہ بورڈ آئندہ برس جنوری میں پاکستان سپر لیگ کروانے کا ارادہ رکھتا ہے جس میں ہر ٹیم میں مقامی کھلاڑیوں کیساتھ 4غیر ملکی پلیئرز کو اسکواڈز کا حصہ بنایا جائیگا۔ اجلاس میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی وجہ سے آئی سی سی کی طرف سے پابندی کا شکار پیسر عامر کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا، ارکان کو بتایا گیا کہ پی سی بی کی کوششوں کی وجہ سے نہ صرف عامر، سلمان اور آصف بلکہ اسی طرح کی پابندیوں کے شکار دنیا بھر کے کھلاڑی کلب اور ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لے سکیں گے۔ ارکان نے پی سی بی الیکشن کمشنر کی خالی پوسٹ کیلیے ملنے والی درخواستوں پر غور کرتے ہوئے سابق ڈپٹی اٹارنی جنرل احمد شہزاد فاروق رانا ایڈووکیٹ کو پی سی بی الیکشن کمشنر مقرر کر دیا ہے

No comments:

Post a Comment