Skip to main content

ڈیپ سیک آر ون غیر معمولی کیوں ہے؟؟؟

 ڈیپ سیک آر ون غیر معمولی کیوں ہے؟؟؟


کچھ لوگ چیٹ جی پی ٹی (اوپن اے آئی) بمقابلہ ڈیپ سیک (آر ون) معاملے میں کی گئی گفتگو کو معمولی ہائپ کہہ کر رد کر رہے ہیں۔

یہ معمولی ہر گز نہیں ہے۔ ایسا کیوں ہے، اور یہ دیگر روز مرہ آنے والے نئے ماڈل سے مختلف کیوں ہے؟ اس کو سمجھ لیں۔


اے آئی کی جان یا دماغ اس کا ماڈل ہے، جو پوچھے گئے سوال کو سمجھتا ہے، پراسس کرتا ہے، جواب ڈھونڈتا ہے اور پھر جواب دیتا ہے۔ پہلا قدم سوال سمجھنا ہے، جس کو اصطلاح میں ریزننگ کہتے ہیں، اس پہلے قدم یعنی ریزننگ میں ہی آج تک کسی نے جی پی ٹی کو ٹکر نہیں دی،بشمول گوگل جیمنائی، تو باقی تو کہاں قریب آتے۔

کسی بھی ماڈل کی مجموعی صلاحیت کو جانچنے کے لئے مختلف اقسام کے بینچ مارک (ٹیسٹ) ہوتے ہیں، جو ماڈل پر چلائے جاتے ہیں۔ ان مروجہ بینچ مارک پر اکلوتی اجارہ داری مجموعی طور پر جی پی ٹی کی تھی۔ یعنی کسی ایک آدھ میں دوسرا ماڈل اوپر آجاتا ہے، لیکن مجموعی طور پر تمام ماڈل میں جی پی ٹی سب کو پچھاڑ رہی ہے۔

آر ون نے ان بینچ مارک ٹیسٹوں میں آکر جی پی ٹی کو ٹکر دی ہے۔ یعنی سوال سمجھنے میں، ریاضی کے مسائل حل کرنے میں، نیا کمپیوٹر پروگرام بنانے میں، قدرتی زبان سمجھنے میں،سوالات کے درست جوابات میں یا پروگرام کے مسائل حل کرنے میں۔ ان ہمہ اقسام بینچ مارک میں جہاں جی پی ٹی کے قریب کوئی نہیں آسکا، وہاں آر ون نہ صرف برابر پہنچا ہے، بلکہ کئی بینچ مارک میں آگے نکلا ہے۔


اب ایک اور چیز سمجھیں، جی پی ٹی ایک ماڈل ہے، اور چیٹ جی پی ٹی ایک پراڈکٹ سروس ہے جو اس ماڈل کو استعمال کر رہی ہے۔ آپ نے موازنہ ماڈل سے کرنا ہے، سروس سے نہیں۔ کیونکہ سروس ایک دن میں بہتر نہیں ہوتی۔ پراڈکٹ سروس ایک پیکج ہوتی ہے، جس میں اس کو استعمال کرنا، اس کا یوزر ایکسپیرنس، اس کے دیگر فیچر جیسا کہ چیٹ ہسٹری، اس کی یادداشت، یہ سب ایک پراڈکٹ سروس کا حصہ ہے، ماڈل کا نہیں۔


صارفین کو چیٹ جی پی ٹی بہتر کیوں لگتا ہے؟

اس کو یوں سمجھیں، دنیا کی سب سے بہترین فون ڈسپلے سام سنگ بناتا ہے، اور دنیا کے سب سے زیادہ مہنگے بکنے والے فون آئی فون میں ڈسپلے سامسنگ ہی لگاتا ہے۔

ایک آئی فون استعمال کرنے والے کے مطابق آئی فون سے اچھا کوئی موبائل نہیں ہے۔ وجہ یہ ہے کہ آئی فون بطور پراڈکٹ ایک پورا پیکج ہے، جس میں سافٹ وئیر، ہارڈئیر پر مشتمل کئی اور عناصر ہیں، اور ڈسپلے ان میں ایک ہے۔ آئی فون کو بہتر اس پراڈکٹ کو استعمال کرنے والا بطور صارف کہہ رہا ہے۔

صارفین کی چیٹ جی پی ٹی کو فوقیت اس سے آشنائی اور اس کے ساتھ ہسٹری، اور بطور صارف چیٹ جی پی ٹی سے وابستگی کی وجہ سے ہے۔


اب بات کرتے ہیں یہ ڈیپ سیک کی پیش رفت غیر معمولی کیوں ہے۔

وہ وقت کہ جب امریکی نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کو کمپیوٹر چپس برآمد کرنے پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا کہ امریکی ٹیکنالوجی امریکہ میں ہی رہنی چاہئے۔ چین سے ایک ایسی پیش رفت آجانا بجائے خود غیر معمولی ہے۔

چیٹ جی پی ٹی، گوگل جیمنائی، ایکس گروک، اینتھروپک کلاڈ اور میٹا اے آئی (لاما) تمام ہی سرکردہ کمپنیاں امریکی ہیں، گویا اے آئی پر امریکی اجارہ داری ہے۔ ایسی دھماکے دار پیش رفت انہی کمپنیوں سے یا کم از کم امریکہ سے ہی متوقع تھی۔ اسی وجہ سے سیلیکون ویلی سرمایہ کاری کا مرکز بنی ہوئی ہے، خصوصا چپ بنانے والی کمپنیاں غیر معمولی طور پر سٹاک مارکیٹ میں اوپر جا رہی ہیں۔ یعنی عمومی طور پر ان سے مزید پیش رفت اور منافع کی امیدیں بندھ چکی ہیں، ایسے میں ایک غیر متوقع ملک سے ایک غیر متوقع پیش رفت آجائے تو یہ غیر معمولی ہے۔

اس پیش رفت میں دوسرا اہم کردار اس میں وقت اور لاگت کا ہے، یعنی اس ماڈل کی ٹریننگ میں وقت اور لاگت کیا آئی۔ اوپن اے آئی اور دیگر اپنے ماڈل کی تیاری میں بلین ڈالرز خرچ کر چکے ہیں۔ جب کہ پانچ ملین اور دو مہینے لگا کر ڈیپ سیک نے اس ماڈل کو ٹرین کیا۔ یعنی اے آئی جس کو اتنا مہنگا سمجھا جا رہا تھا، یہ افسانہ بھی تمام ہوا۔

تیسری اہم بات اس کی قیمت ہے، یعنی اس کو دیگر سروسز میں استعمال کرنے کی قیمت سب سے سرکردہ ماڈل جی پی ٹی سے دس گنا کم ہے۔ یہ قیمت وہ ہے، جو اس کی صانع کمپنی اپنے سرور اور پروگرام کو استعمال کرنے کی سروسز کے طور پر وصول کرتی ہے، اگر آپ اس کو اپنے سرور پر ہوسٹ کریں تو بالکل مفت۔


چوتھی اہم بات، یہ اوپن سورس ہے، یعنی جی پی ٹی جیسی کوالٹی ہر کسی کی دسترس میں وہ بھی بالکل مفت۔ اس کو کمرشلی استعمال کریں، اس کو تبدیل کریں یا اپنے لحاظ سے ٹریننگ کریں۔ سوفٹوئیر کی دنیا کے سب سے آسان لائسنس پر دستیاب ہے۔ جہاں مرضی استعمال کریں۔

 

اے آئی کی سروسز کو اپنے پروگرام، ویب سائٹ یا ورک فلو میں لگانے کے لئے سب سے بہترین حل چیٹ جی پی ٹی تھا۔ جیسا کہ مائیکروسوفٹ نے بنگ سرچ انجن میں چیٹ جی پی ٹی شامل کرکے ایک اچھا تجربہ کیا۔ لیکن مسئلہ یہ بھی ہے کہ اس کی قیمت صارفین بڑھنے کے ساتھ ساتھ کم ہونے کی بجائے مزید بڑھ رہی ہے اور مسلسل بڑھتی جارہی ہے، اس صورتحال میں ڈیپ سیک جیسی سروس کا آنا غیر معمولی بالکل ہے۔

 

ہم جیسے صارفین کے لئے روز مرہ استعمال کے لئے چیٹ جی پی ٹی بلاشبہ ایک بہت اچھی سروس ہے۔ لیکن اوپن اے آئی اس سے قابل ذکر پیسہ نہیں بنا رہی، بلکہ ابھی تک اوپن اے آئی پرافٹ ایبل نہیں ہے، اور ابھی تک صرف انوسٹمنٹ سے کام چل رہا ہے۔

جہاں تک بات ہے ڈیپ سیک چیٹ ایپ کی ہو سکتا ہے اگلے مزید چند سال بھی وہ چیٹ جی پی ٹی جیسی سروس نہ دے سکیں۔ لیکن اگر ڈیپ سیک (آر ون) چیٹ جی پی ٹی سے بہتر سروس دے گئی تو پھر کیا ہوگا؟ 

کیا اے آئی پر امریکی سیلیکون ویلی کی اجارہ داری ختم ہو جائے گی؟ یا کیا اے آئی اتنی کم لاگت میں موثر طور پر بنائی جا سکتی ہے،  یہی اندیشہ مارکیٹ کریش کر گیا۔

ڈیپ سیک کے آر ون کی پیش رفت بلاشبہ ایک ہائپ نہیں ہے، بلکہ اس پیش رفت کو مائیکروسوفٹ کے سی ای او نے تسلیم کیا اور خوش آئند قرار دیا۔ اوپن اے آئی کے سی ای او نے اس کو ایک متاثر کن ماڈل کہا اور پرپلیکسٹی سی ای او نے کہا کہ اوپن اے آئی نے گوگل سے کاپی کیا، اور ہر کوئی کاپی کرتا ہے، لیکن ڈیپ سیک نے بلاشبہ ایک موثر ترین ماڈل بنایا ہے۔

ڈیپ سیک آر ون فی الوقت صرف ٹیکسٹ پر مشتمل جوابات دے سکتا ہے۔ ڈیپ سیک نے جینس پرو کے نام سے ایک ملٹی ماڈل بھی ریلیز کیا ہے۔ جو ٹیکسٹ اور فوٹو پر مشتمل سوالات کے جواب ٹیکسٹ یا فوٹو کی صورت میں دے سکتا ہے۔


اے آئی کے افق پر آئے روز نئی جہتیں سامنے آرہی ہیں، اور اے آئی کے میدان میں مقابلہ بازی اور  بالادستی کی ریس صارفین کے لئے خوش آئند ہے۔


تحریر: عادل سومرو



ڈیپ سیک آر ون غیر معمولی کیوں ہے؟؟؟

DeepSeek App Explained In Urdu. What Is Deepseek App? Urdu Info about Deepseek?  Deep Seek App In Urdu. What Is Deep Seek App In Urdu?. Urdu Blogs about Deep Seek.


Comments