Making Outdoor Cooking Videos For Youtube Cooking Channel. By SM Bukhari
ایک بہت ہی شیف خاتون ہیں۔ اپنا ککنگ چینل یوٹیوب اور دیگر فورمز پر چلاتی ہیں۔ میں ان سے شناسا نہیں تھا لہذا مجھے معلوم نہ تھا کہ وہ کیا کام کرتی ہیں۔کچھ دن قبل انہوں نے مجھے کال کی اور بتایا کہ وہ سیر و سیاحت کی غرض سے جانا چاہتی ہیں لہذا میں اس سلسلے میں ان کی راہنمائی کر دوں
ان کو میں مقامات کے نام، ان کے درمیاں فاصلے، ہوٹلز وغیرہ وغیرہ کی تفصیلات بتانے لگا تو بیچ میں بولیں " بخاری صاحب ان جگہوں پر لکڑی جلا کر کھانا پکایا جا سکتا ہے کیا ؟ "۔ میں نے عرض کی کہ محترمہ اس بابت میں کچھ وثوق سے نہیں کہہ سکتا کیونکہ اس میں میرا کوئی ذاتی تجربہ تو نہیں ہے البتہ مجھے لگتا ہے کہ پکانا ممکن ہو سکتا ہے
اس کے بعد پھر میں ٹوٹا ہوا سلسلہ کلام بحال کرتے ہوئے ان کو سکردو کے اطراف کے مقامات کی بابت انفارمیشن دینے لگا۔ ایک بار پھر وہ ٹوک کر بولیں " بخاری صاحب ! وہاں ہوا زیادہ تیز تو نہیں چلتی ؟ مجھے لگتا ہے باقاعدہ اینٹوں یا پتھروں سے ہر جگہ چولہا بنانا پڑے گا" ۔۔۔ اب یہ سن کر مجھے ہلکا سا غصہ بھی آیا کہ میں ان کو مکمل پلان سمجھا رہا ہوں اور ان کو اپنی ہنڈیا کی پڑی ہے !
میں نے یہ سن کر پوچھا کہ آپ آخر کیا کرنا چاہتی ہیں ؟ ۔ بولیں " ان مقامات پر جگہ جگہ روایتی طریقوں سے لکڑی جلا کر کھانا پکانے کی ویڈیوز بھی اپنے یوٹیوب چینل کے لئے ریکارڈ کرنے کا من ہے"۔ یہ سن کر میں نے کہا کہ محترمہ کھانا پکانے کو اتنی دور جانے کا تکلف کیوں کر رہی ہیں ؟ میں سمجھا آپ کو شمال سے محبت ہے۔ کھانا تو یہیں آس پاس کہیں کھیتوں میں بھی ایسے ہی پکا سکتی ہیں۔ جواب آیا " قدرتی مناظر کے بیچ ویڈو اچھی بن جائے گی، دوسرا اسی بہانے سیر بھی ہو جائے گی
ان کی سیر کا بہانہ سن کر تو میرے الفاظ گنگ ہو گئے کہ ان کی اولین ترجیح شمالی علاقہ جات کا وزٹ نہیں بلکہ یوٹیوب ککنگ چینل ہے اسی بہانے وزٹ ہو جائے تو کیا حرج ہے۔۔ میں اب چپ کر گیا اور ان کو مطلوبہ انفارمیشن دے کر فون بند کرنے کو اجازت لینا چاہی۔ بولیں " ایک آخری سوال ذہن میں آ رہا تھا۔ کیا وہاں سے تازہ سبزیاں اور گوشت وغیرہ اور مصالحہ جات اچھے مل جاتے ہیں ؟
یہ سن کر میں سچ پوچھیں تو پیچ و تاب کھانے لگا اور زچ ہو گیا کہ یہ کیا پوچھنا چاہتی ہیں۔ میں نے فوری جواب دیا " جی سب مل جاتا ہے وہاں کافی انسان بستے ہیں جن کو بھوک بھی لگتی ہے اور وہ کھانا بھی پکاتے ہیں"۔ خدا حافظ کہنے سے پہلے بولیں " آپ کا بہت شکریہ بخاری صاحب ، آپ نے مجھے کافی تفصیل سے سمجھایا۔ بس دعا کریں کہ اس وزٹ کے بعد میرے چینل کے سبسکرائبرز کی تعداد پوری پانچ ہزار ہو جائے" ۔میں نے جواب میں سچ میں دعا کر دی کہ اللہ آپ کی مراد پوری کرے اور یوٹیوب سبسکرائبرز کی تعداد پوری پانچ ہزار ہو جائے۔ آمین یا رب العالمین
فون بند ہوا تو مجھے نجانے کیوں بھوک لگ گئی۔ بیگم کو کہا کہ سنو کچھ کھانے کو مل جائے گا ؟۔ جواب میں وہ مجھے کاٹ کھانے لگی تو میں نے تازہ بہ تازہ دو انڈے فرج سے نکالے، ہری مرچ کتر کر ان میں ڈالی، سرخ مرچ، ہلکا سا گرم مصالحہ، حسب ذائقہ نمک اور کترا ہوا دھنیا و پیاز و ٹماٹر ڈال کے اس کو اتنا پھینٹا اتنا پھینٹا کہ انڈوں کی جھاگ بن گئی۔ پھینٹ پھینٹ کر ہلکان ہو گیا تو تب جا کر میرا موڈ نارمل ہوا۔ آملیٹ کا سواد بہت زیادہ آیا۔کیوں نہ آتا کہ ہاتھ سے کمانے والا اللہ کا دوست ہوتا ہے اور یہاں تو کمائی بھی میری تھی انڈے تلوائی بھی میری۔۔۔
آج پہاڑوں کا عالمی دن یعنی ورلڈ ماونٹین ڈے ہے۔ ان شیف محترمہ کا سٹیٹس نظر سے ابھی ابھی گزرا ہے۔ انہوں نے لکھا ہوا تھا
"آج ورلڈ ماونٹین ڈے ہے۔ آپ بتایئے آپ کو سیاحت میں کیا کیا پسند ہے ؟ "
میں نے نیچے کمنٹ کر دیا "آلو قیمہ"۔۔۔
Pashto Times.
Cooking Channel On Youtube and World Mountain Day. Outdoor Cooking Videos and Alo Qeema. Omlett and Urdu Cooking Channels
Making Outdoor Cooking Videos For Youtube Cooking Channel by SM Bukhari photography.
Comments
Post a Comment
Thanks for visiting Pashto Times. Hope you visit us again and share our articles on social media with your friends.