Russia Attack On Ukraine, USA And War. Explained In Urdu
روسی صدر پوٹن نے یوکرائن کے دو سرحدی صوبوں میں امن قائم کرنے کے نام پر اپنی فوج داخل کر دی ہے۔ ان دو صوبوں میں پہلے ہی روس کی پشت پناہی سے علیحدگی پسند تحریکیں چل رہی ہیں ۔ روس کا کہنا ہے کہ یہاں کے عوام کو یوکرائن سے خطرہ ہے اس لیے انھوں نے اپنی مدد کے لیے روس کو بلایا ہے۔ امریکہ اور یورپ نے اسے 2014 کے منسک امن معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا ہے جس پر روس نے دستخط کررکھے ہیں۔
ردعمل کے طور پر امریکہ اور یورپین ممالک نے روسی صدر پوٹن کے قریبی ساتھیوں جن میں پچاس امیر ترین افراد شامل ہیں کے اثاثوں اور دولت کو منجمد کردیا ہے۔ امریکہ نے روس کے دو بڑے بینکوں پر دنیا میں کسی بھی قسم کے لین دین پر پابندی لگادی ہے۔ برطانیہ نے روس کے امیر ترین افراد کے برطانیہ میں اثاثے منجمد کر دیے ہیں۔ جرمنی نے روس سے آنے والی گیس پائپ لائن ، نارڈ سٹریم 2، پر بھی کام روک دیا ہے۔صدر بائیڈن اور اس کے اتحادیوں کا کہنا ہے کہ اگر روس پھر بھی باز نہ آیا اور یوکرائن پر براہ راست حملہ کیا تو پھر روس پر مزید سخت معاشی پابندیاں عائد کی جائیں گی۔
روسی فوج ، عالمی پابندیوں کے ساتھ کتنی دیر تک جنگ لڑ سکتی ہے؟ این پی آر ریڈیو کے ایک تجزیے کے مطابق روسی فوج کا ایک سال کا بجٹ امریکی فوج کے ایک ماہ کے بجٹ کے برابر ہے۔امریکی کانگریس میں ڈیمو کریٹک اور ریپبلکن ارکان روس پر مزید پابندیاں عائدکرنے کا مطالبہ کررہےہیں جب کہ سابق صدر ٹرمپ نے پوٹن کے ایکشن کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک جینئس شخص ہے۔
اس وقت روس پوری دنیا میں ایک تنہا ملک ہے۔ اس کا کوئی دوست ہے اور نہ کوئی اتحادی۔سابق امریکی وزیر خارجہ میڈلین البرائٹ نے نیویارک ٹائمز میں اپنے مضمون میں لکھا ہے کہ پوٹن کی خواہش ہے کہ روس کی سابقہ حیثیت کو بحال کیا جائے۔ وہ جمہوریت کو تیاگ چکا ہے اور سٹالن کے نقش قدم پر چل رہا ہے
وہ یوکرائن کو روس کا حصہ سمجھتا ہے ۔ جبکہ یوکرائن کے عوام روس کی بجائے یورپ کے ساتھ ملنا چاہتے ہیں۔ پوٹن کا خیال ہے کہ اگر امریکہ دنیا بھر میں اپنی طاقت کا مظاہر ہ کرتا ہے تو روس کیوں نہیں کر سکتا؟لیکن پوٹن کو شاید ادراک نہیں کہ امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک کی طاقت ایک فرد کی بجائے جمہوریت میں مرتکز ہے۔
Comments
Post a Comment
Thanks for visiting Pashto Times. Hope you visit us again and share our articles on social media with your friends.