Skip to main content

Establishment to create new provinces and Presidential Form of Govt In Pakistan. Saad Baluch writes

 ✨ اسٹیبلشمنٹ نے ترپ کا پتہ چل دیا، نئے الیکشن کا میدان سج گیا✨


بظاہر اسٹیبلشمنٹ نے مستقبل کی سیاست کا نیا خاکہ تیار کر لیا ہے جس کا آغاز ہمیں پنجاب سے ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔اس حوالے سے گزشتہ چند روز میں ہونےوالی پیشرفت میں بہت سی نشانیاں چھپی ہیں


سیاست میں ہیجان کا آغاز اس وقت ہوا جب چند روز پہلے چودھری سالک نے پنجاب میں کرپشن پر بیان دیا، اس پر ن لیگ کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے جواب دیا تو ایک نئی بحث چل نکلی


اہم سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اچانک ق لیگ کو ن لیگ کے سامنے کھڑا کرنے کی کوشش کیوں کی جا رہی ہے؟ جب گندم سکینڈل، چینی سکینڈل، جہاز سکینڈل، کمر توڑ مہنگائی پر خاموشی اختیار کی تو اب اچانک مریم سرکار پر تنقید کا آغاز کیوں ہوا؟


فوج کا ایجنڈا گرینڈ پلان مکمل کرنا اور باوردی صدر لانا ہے، اسکے علاوہ 18ویں ترمیم کو ریورس کرنے سمیت  نئے صوبے بنانا بھی اس پلان کا حصہ ہے، اسٹیبلشمنٹ کے پاس اپنے مقصد کو پورا کرنے کیلیے اسوقت دو آپشن ہیں


1- پیپلز پارٹی کو راضی کر کے ترمیم کرے کیونکہ ن لیگ صرف پی پی کے راضی ہونے تک انکار کر رہی ہے


2- پیپلز پارٹی کی جگہ پی ٹی آئی+مولانا کو شامل کیا جائے اور ترمیم کی جائے


کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے بغیر سینیٹ میں دو تہائی پوری نہیں ہوتی لیکن ایسا نہیں ہے، اگر پی پی کی جگہ تحریک انصاف اور مولانا آن بورڈ ہو جائیں تو سینیٹ میں بھی دو تہائی اکثریت پوری ہو جاتی ہے۔


پیپلز پارٹی کے حوالے سے اپریل مئی سے بتا رہا ہوں کہ بلاول اپنے والد سے زیادہ بضد ہے کہ اٹھارہویں ترمیم واپس نہیں ہونے دونگا، انجام کیا نکلتا ہے کہ جلد معلوم ہو جائے گا


سینیٹ میں اس وقت ارکان کی کل تعداد 96 ہے جس میں سے پی پی کے 26 ارکان شامل ہیں، 96-26=70


96 کا 2 تہائی بنتا ہے 64 ارکان، اسٹیبلشمنٹ کو 70 میں سے 64 ارکان کی حمایت درکار ہے، اگر پی ٹی آئی اور مولانا ساتھ مل جائیں تو یہ تعداد پوری ہو جاتی ہے، اسٹیبلشمنٹ کی پالیسی وہی گاجر اور چھڑی والی ہے، پی ٹی آئی کو ہلکے ریلیف کی گاجر دی جا رہی ہے جبکہ مولانا کو چھڑی سے ڈرا کر ساتھ ملانے کی کوشش ہو رہی ہے، اگر اسٹیبلشمنٹ کی چکی میں مولانا کا بیٹا پھنسے تو مولانا کیا ترمیم کے حق میں ووٹ نہیں دےگا؟ بالکل دے لیکن ایک باعزت راستہ بنوا کر دے گا اور ایسا کرنا اسٹیبلشمنٹ کےلیے کوئی مشکل نہیں، حتیٰ کہ مولانا کی کوئی ایک آدھ تجویز بھی تسلیم کی جا سکتی ہے تاکہ اتفاق رائے والا تاثر پیدا ہو


دوسری جانب اسٹیبلشمنٹ ن لیگ کے تراہ نکال رہی ہے، پنجاب حکومت گرانے کی باتیں ہو رہی ہیں، مریم میاں صاحب کی ریڈ لائن ہے، میاں صاحب مریم کو بچانے کے لیے بھائی کی قربانی دینے سے گریز نہیں کریں گے، اس لیے پنجاب میں ن لیگ کے خلاف ق لیگ کو کھڑا کیا جا رہا ہے، اسٹیبلشمنٹ نے ایک مردہ گھوڑے کو اچانک ریس جیتنے کے لیے تیار کر لیا ہے، ن لیگ جو آسمانوں میں اڑ رہی تھی اسے ایک ہی لمحے میں زمین پر پٹخ دیا ہے اور انہیں بتایا ہے کہ ہمارے پاس آپ کا متبادل ق لیگ کی صورت میں موجود ہے اور اگر ق لیگ بھی ناکام ہوئی تو پھر علیم خان کی جماعت کو آگے لایا جا سکتا ہے، ورنہ کوئی نئی کنگز پارٹی بھی بن سکتی ہے


اگر فرض کریں پیپلز پارٹی اور ن لیگ دونوں 28ویں ترمیم پر یا صدارتی نظام یا نئے صوبوں کے کسی نقطے پر راضی نہیں ہوتے تو اسٹیبلشمنٹ ق لیگ کو ان دونوں جماعتوں کے خلاف کھڑا کر کے دو تہائی اکثریت دلوا سکتی ہے، فارم 47 کا فارمولا جبر کے نظام میں اکسیر علاج کی حیثیت اختیار کر چکا ہے، محسن نقوی چودھری سالک کے ہم زلف ہیں، اگلے الیکشن سے پہلے وہ ق لیگ میں بھی شامل ہو سکتے ہیں اور ایسا اگلے سال بجٹ سے پہلے یا بجٹ کے بعد بھی ہو سکتا ہے۔ سینیٹ الیکشن بھی اسی بنیاد پر موخر ہو سکتے ہیں تاکہ وہاں بھی اسٹیبلشمنٹ کو اکثریت دلوائی جائے۔ مریم اپنے منصوبے گنوا رہی ہے، ق لیگ ن لیگ کی کرپشن کھول رہی ہے، ایسا عمومی طور پر اسوقت ہوتا ہے جب الیکشن نزدیک ہوں، 2018 سے پہلے ن لیگ کی کرپشن کہانیاں اور 2024 سے پہلے عمران خان کے کرپشن کیس اور سزائیں ثبوت ہیں۔ یعنی ہر صورت نئے الیکشن کا ماحول تیار کیا جا رہا ہے، فریال تالپور کے ذریعے پی پی بھی میدان میں آ گئی ہے، چودھری پرویز الٰہی بھی اچانک سامنے آ گئے ہیں، چند روز پہلے کی خبر ہے کہ عمران خان نے بھی اپنی جماعت کو الیکشن کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے


اگر ن لیگ پی پی تیار ہو جائیں تو نئے صوبے بنیں گے اور نئے الیکشن میں جانا ہوگا، اگر دونوں جماعتیں تیار نہ ہوں، عمران خان اور مولانا بھی نہیں مانتے تو پھر ق لیگ کو آگے لا کر دو تہائی اکثریت دلانے کے لیے بھی نئے الیکشن میں جانا ہوگا لیکن یہ بات طے ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے اپنا مقصد ہر صورت پورا کرنا ہے


اگر صوبوں کی بجائے یونٹس بنے تو اس ساری مشق کی ضرورت نہیں پڑیگی

Saad Baluch. 



Comments